ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پنتھرس کی وفدکی گورنرسے ملاقات، جموں وکشمیراسمبلی کوتحلیل کرنے کی مانگ

پنتھرس کی وفدکی گورنرسے ملاقات، جموں وکشمیراسمبلی کوتحلیل کرنے کی مانگ

Sun, 11 Nov 2018 00:09:48    S.O. News Service

جموں،10؍ نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جموں وکشمیرنیشنل پنتھرس پارٹی کے ایک وفد نے آج یہاں پروفیسر بھیم سنگھ کی قیادت میں جموں وکشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی۔اس وفد میں پارٹی کے چیرمین ہرشدیو سنگھ، مسٹر بلونت سنگھ منکوٹیا، مسٹر یشپال کنڈل اور محترمہ انیتا ٹھاکر شامل تھیں جنہوں نے گورنر سے ملاقات کے دوران ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔ پنتھرس لیڈروں نے گورنر کے ذریعہ بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے گورنر کے پہل کرنے کی تعریف کرتے ہوئے ان سیاستدانوں اور افسر شاہوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا جنہوں نے بی جے پی ۔پی ڈی پی کی چارسالہ حکومت کے دوران ریاست میں بدعنوانی کو بڑھاوا دیا۔پارٹی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر بھیم سنگھ نے گورنر سے ریاست کی حدبندی کرانے کے آرڈی ننس جاری کرنے کی اپیل کی جس سے ریاست کے سبھی خطوں کو سیاسی اور اقتصادی طاقت کا برابر حصہ مل سکے۔انہوں نے ان ریاستی اسمبلی کو فوری طورپر تحلیل کرنے کی بھی مانگ کی جس سے ریاست میں نئے انتخابات کرانے کا راستہ ہموارہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اس طرح کی کوئی مثال نہیں ہے کہ پانچ مہینہ سے معطل اسمبلی کے دوران ٹیکس دہندگان کے پیسے سے اراکین اسمبلی کو تمام سہولتیں دی جاتی رہی ہوں ۔پارٹی کے چیئرمین ہرشدیو سنگھ نے گورنرکی توجہ ریاست میں افسر شاہوں کی بدعنوانی کی طرف مبذول کرائی جوعوام کے درمیان علاحدگی پسندی کی سوچ کو بڑھاوا دینے کے لئے ذمہ دار ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ افسر بدعنوانی اور گھپلہ کے الزامات کے باوجود ڈیوٹی پر تعینات ہیں جس کا ریاست میں شروع کئے گئے ترقیاتی کاموں پر منفی اثرپڑرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ منریگا اسکیم کے تحت الاٹ فنڈ کی لوٹ کی وجہ سے گزشتہ دو تین سال سے دیہی لوگ اپنی سخت محنت کے معاوضہ سے محروم ہیں۔انہوں نے ڈی آر ڈبلیو، آر ای ٹی کانٹریکٹ، منریگا مزدوروں، این ایچ ایم اور ایف ایم پی ایچ ڈبلیو کی جائز مانگوں کے ساتھ ساتھ آنگن واڑی اورآشا ورکروں کے معاملات جلد حل کرانے کا مطالبہ کیا۔مسٹر بلونت سنگھ منکو ٹیا نے سدل گاوں کی طرف گورنر کی توجہ دلائی کہ،جنہیں 2014میں آئے سیلاب کی وجہ سے بھاری نقصان ہوا تھا، معاملات حل کرنے کی درخواست کی ۔انہوں نے فوج کے ذریعہ ادھمپور میں تحویل میں لی گئی کسانوں کی زمین کا انہیں جلد از جلد معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا۔مسٹر یشپال کنڈل نے حکومت کے اس وعدے کو پورا کرنے کی درخواست کی جس میں سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو محفوظ علاقہ میں پانچ مرلہ زمین دیئے جانے کے لیے کہا گیا تھا۔گورنرنے سبھی پنتھر س لیڈروں کی بات توجہ کے ساتھ سنی اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائزمطالبات کوجلدحل کیاجائے گا۔


Share: